Pakistan
This article was added by the user . TheWorldNews is not responsible for the content of the platform.

تیسرے ون ڈے میں بھی پاکستان فاتح،ویسٹ انڈیز کو کلین سویپ

پاکستان نے ويسٹ انڈيز کیخلاف آخری ون ڈے بھی جيت کر سيريز0-3 سے جيت لی۔پاکستان نے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر کلین سوئپ مکمل کرلیا۔

پاکستان کے 270 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 38 ویں اوور میں 216 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ملتان کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے مقررہ 48 اوورز میں 9 وکٹوں پر 269 رنز بنائے۔خیال رہے موسم کی خرابی کے وجہ سے میچ رک جانے کی وجہ سے اسے 48 اوور فی اننگز تک محدود کردیا گیا تھا۔

پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور امام الحق نے بیٹنگ کا آغاز کیا اور دونوں نے 85 رنز کی شراکت قائم کی، پاکستان کی پہلا نقصان فخر زمان کی صورت میں اٹھانا پڑا، انہوں نے 35 رنز بنائے۔

پہلے میچ میں شاندار سنچری اور دوسرے میچ میں نصف سنچری بنانے والے بابر اعظم 3 گیندیں ہی کھیل سکے، وہ ایک رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

بابر اعظم کے بعد محمد رضوان کریز پر آئے اور امام الحق کے ساتھ پاکستان کی اننگز کو آگے بڑھانے لگے، 113 کے مجموعی اسکور پر امام الحق آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 68 رنز بنائے۔

امام الحق کے بعد نوجوان بلے باز محمد حارث میدان میں اترے لیکن وہ کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔
4کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد نائب رضوان کا ساتھ دینے خوشدل شاہ آئے لیکن 117 کے مجموعی اسکور پر رضوان آؤٹ ہوگئے۔117 رنز پر آدھی ٹیم میدان بدر ہونے کے بعد خوشدل شاہ اور شاداب خان نے ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی۔

ابھی شاہینوں کے خلاف کالی آندھی کی تباہ کاریاں جاری تھیں کہ 33ویں اوور کے اختتام تک اسٹیڈیم سمیت پورے شہر کو آندھی نے اپنی لپیٹ میں لے لیا اور امپائرز نے میچ کو روک دیا۔

کھیل دوبارہ شروع ہوا تو شاداب خان اور خوشدل شاہ نے ٹیم کو بحرانی کیفیت سے نکالنے کی کوششیں جاری رکھیں۔ دونوں کے درمیان 84 رنز کی قیمتی شراکت داری قائم ہوئی۔ 201 رنز پر خوشدل شاہ ہمت ہار بیٹھے انہوں نے 34 رنز بنائے۔خوشدل شاہ کے بعد محمد نواز بیٹنگ کے لئے آئے۔ 217 کے مجموعی اسکور پر نواز بھی آؤٹ ہوگئے۔

257 رنز پر محمد وسیم جب کہ 263 رنز پر شاداب خان آؤٹ ہوگئے انہوں نے 86 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ پاکستان نے مقرررہ 48 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 269 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے میچ میں پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر شاہنواز دہانی ون ڈے کرکٹ میں ڈیبیو کررہے ہیں۔ دیگر کھلاڑیوں میں بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، فخر زمان، امام الحق، ، محمد رضوان، محمد حارث، خوشدل شاہ، محمد نواز، حسن علی اور محمد وسیم شامل ہیں۔

تیسرے میچ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم شائے ہوم، نکولس پورن، شمارح بروکس، عقیل حسین، ھیڈن سیلز، ہیڈن والش، کائل میئرز، کیسی کارٹی، روومین پاول، روماریو شیفرڈ اور کیمو پال پر مشتمل ہے۔