گوادر:رواں سال مارچ  میں منصوبے کے آغاز سے لے کر اب تک گوادر پورٹ پر نیویگیشنل چینل اور لنگر انداز علاقے کے بیڈ سے تقریبا 0.5 ملین (5 لاکھ) ٹن مٹی نکالی جا چکی ہے۔

تفصیلات کے مطابق گوادر پورٹ ڈریجنگ پلان کے پروجیکٹ ڈائریکٹر داد بلوچ نے گوادر پرو کو بتایا کہ چائنا ہاربر انجینئرنگ کمپنی لمیٹڈ (سی ایچ ای سی)نے مارچ میں صفائی کا عمل شروع ہونے کے بعد سے کامیابی کے ساتھ 5 لاکھ ٹن مٹی نکالی ہے۔ 

اس عمل کا مقصد گوادر پورٹ پر نیویگیشنل چینل کی اصل گہرائی کو بحال کرنا ہے ، جس سے ہیوی ویٹ جہازوں کو موثر طریقے سے نقل و حرکت کرنے کی اجازت ملے گی۔ یہ بحالی مختلف قسم کے جہازوں کی ہموار نقل و حرکت کو یقینی بنائے گی ، بغیر کسی رکاوٹ کے آسان ڈاکنگ کی سہولت فراہم کرے گی۔

گوادر پورٹ اتھارٹی (جی پی اے)کے ایک اور عہدیدار نے گوادر پرو کو  بتایا کہ 4.7 ارب روپے کی لاگت سے گوادر پورٹ پر 14.5 میٹر کی قدرتی اور اصل آپریشنل گہرائی کو دوبارہ حاصل کرنے کا منصوبہ ہے،انہوں نے آپریشن کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ 

عہدیدار نے مزید بتایا کہ سی ایچ ای سی اور جی پی اے کے درمیان دستخط شدہ معاہدے کے مطابق “گوادر پورٹ کے نیویگیشنل چینل کی مینٹیننس ڈریجنگ” نامی منصوبہ 12 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔