کراچی:امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے نگراں حکومت کی جانب سے گھریلو صارفین کیلئے گیس مہنگی اور میٹرچارجز بڑھانے والے فیصلے کو عوام دشمن اور سراسر ظلم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام پر بجلی گرانا نہیں بلکہ نگراں حکومت کا کام صرف بروقت صاف وشفاف الیکشن کرکے اقتدار منتخب نمائندوں کو منتقل کرنا ہے۔

محمد حسین محنتی نے کہاکہ  مہنگائی کے مارے عوام جن کی قوت خرید حکومت کی ناقص معاشی پالیسوں اور کرپشن کے نتیجے میں پہلے ہی جواب دے چکی ہے ایسی صورتحال میں گیس کی قیمت اور میٹرچارجز میں بے تحاشہ اضافہ بے حسی کی انتہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات پر عائد کردہ بھاری ٹیکسوں ،آئے روز بجلی کے نرخوں میں من مانے اضافے کے بعد نگراں حکومت کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں 200فیصد تک اضافے کی منظوری مہنگائی، بیروزگاری کے مارے ہوئے عوام کی زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔

رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ نگراں ہو یا مستقل حکومت ہر دور میں حکمرانوں نے اپنی عیاشیوں اور بیرونی عالمی مالیاتی اداروں کی ڈکٹیشن پر عوام پر مہنگائی کی بمباری کی ہے اور اشرافیہ کی سہولتکاری کرکے ملک کو برباد اور عوام کو کنگال کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، اس وقت غربت ہمارے ملک کا سب سے بڑا اور بنیادی مسئلہ ہے۔