اسلام آباد: کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹر ز ( سی پی این ای)  کا کہنا ہے کہ نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا میڈیا کی آزادی پر سوالات کو سرکاری اشتہارات سے جوڑنا افسوسناک ہے، نگراں وزیر اعظم کی میڈیا سے متعلق معلومات نامکمل اور انتہائی ناقص ہے۔

سی پی این ای نےپرنٹ میڈیا سے متعلق نگراں وزیر اعظم کے بیان پر شدید تشویش کا اظہارکرتے ہوئے   کہاکہ لگتا ہے کہ پرنٹ میڈیا سے متعلق وزیر اعظم کے بیان پر سخت مایوسی ہوئی،  انوار الحق کاکڑ کو میڈیا سے متعلق گمراہ کن معلومات دی گئیں ہیں، اخبارات وجرائد نے کسی حکومت یا وزیر اعظم سے مطالبہ نہیں کیا کہ انہیں ذاتی وسائل سے نوازیں۔

انہوں نے کہاکہ  اشتہارات کا پیسا کسی حکمراں کا نہیں بلکہ یہ عوام کا ٹیکس ہے،عوام کے ٹیکس کا پیسا اشتہارات کی مد میں منصفانہ طور پر تقسیم ہونا چاہیے، میڈیا نے آزادی صحافت کسی سے بھیگ میں نہیں لی ، اسکے پیچھے طویل جہدوجہد ، جانی ومالی قربانیاں ہیں۔

سی پی این ای کا کہنا تھا کہ  12اکتوبر کو نگراں وزیر اعظم سے ملاقات میں واضح کیا کہ اشتہارات کی تقسیم پر کوئی اعتراض نہیں ہے، گزشتہ حکومت کے اشتہارات کے نرخ بڑھانے کے فیصلے پر عملدرآمد حکومت کی ذمہ داری ہے، سرکاری اشتہارات کے برسوں سے زیر التوا واجبات کی فوری ادائیگی بھی حکومت کی ذمہ داری ہے۔