ڈیلس : پہلی پاکستانی جنوبی ایشیا اور کامن ویلتھ کی خاتون نمیرا سلیم ورجن گیلیکٹک کمرشل اسپیس لائنر سے خلا میں سفر کیلئے امریکا پہنچ گئیں، جہاں سے وہ 5 اکتوبر کو خلا کا سفر کریں گی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس مشن پر نمیرا سلیم سمیت 3 سیاح سفر کریں گے جو کمپنی کے وی ایس ایس یونٹی سپیس کرافٹ کے کیبن میں موجود ہوں گے،  نمیرا سلیم اس امریکی کمپنی کی خلائی سیاحت کیلئے ٹکٹ خریدنے والے 100 اولین افراد میں شامل ہیں۔

نمیرا سلیم کاکہناتھا کہ میں پاکستان کا پرچم خلا میں لے کر جاؤں گی، ایلیکٹک کمرشل سپیس لائنر کا گلیکٹک 04 نامی مشن 5 اکتوبر کو نیو میکسیکو کے اسپیس پورٹ امریکا سے روانہ ہوگا۔

خیال رہے کہ دبئی میں مقیم نمیرا سلیم پہلی پاکستانی خاتون ہیں جو 2007 میں قطب شمالی اور 2008 میں قطب جنوبی پر بھی پاکستانی پرچم لہرا چکی ہیں۔

 واضح رہے کہ ورجین گلیکٹک نے جون 2023 کے آخر میں پہلی کمرشل پرواز خلا تک لے جانے میں کامیابی حاصل کی تھی، مگر اس پرواز میں عام سیاحوں کے بجائے اٹلی سے تعلق رکھنے والے ماہرین کو خلا میں لے جایا گیا تھا۔

یاد رہے کہ حکومت پاکستان نے 2006 میں نمیرا سلیم کو پہلی پاکستانی خلا باز قرار دیا تھا اور 2011 میں انہیں تمغہ امتیاز سے نوازا گیا تھا۔