انقرہ: صدر طیب اردوان نے اسرائیل کا دورہ منسوخ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مغربی ممالک صیہونی ریاست کی مقروض ہوسکتی ہیں لیکن ترکی اسرائیل کا مقروض نہیں، حماس دہشت گرد تنظیم نہیں بلکہ ایک حریت پسند گروپ ہے جو اپنی سر زمین کے تحفظ کے لیے جنگ لڑ رہا ہے۔

ترک صدر نے کہا کہ اسرائیل نے ترکی کے اچھے ارادوں کا ناجائز فائدہ اٹھایا ہے اور اسی وجہ سے وہ اب اسرائیل کا دورہ نہیں کریں گے، رفح سرحدی گیٹ کو انسانی امداد کے لیے کھلا رکھا جانا چاہیے اور دونوں فریقوں کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کو فوری طور پر مکمل کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے اسرائیل اور  حماس کے درمیان فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا اور عالمی طاقتوں پر زور دیا کہ وہ غزہ پر بمباری روکنے کے لیے اسرائیل پر دبا وڈالیں۔

رجب طیب اردگان نے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ روکنے میں اقوام متحدہ کی نااہلیت پر  بھی مایوسی کا اظہار کیا۔