کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں لگنے والی خوفناک آتشزدگی کے باعث کیس پراپرٹیز کی 500 سے زائد موٹر سائیکلیں، بس، رکشے اور کئی گاڑیاں جل کر خاکستر ہو گئیں۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق گلشن اقبال عزیز بھٹی پارک کے قریب جھاڑیوں میں لگی آگ دیکھتے ہی دیکھتے پھیل گئی اور اس نے نظارت میں موجود گاڑیوں کو بھی لپیٹ میں لے لیاہے۔

پولیس نے میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ زیادہ تر لاوارث موٹرسائیکلیں جل گئی ہیں، ایک بس، ایک رکشہ اور متعدد پرانی کاروں کو بھی آگ لگی ہے۔

پولیس کے مطابق جلنے والی لاوارث گاڑیوں کی تعداد فوری طور پر نہیں بتا سکتے تاہم آتشزدگی کے واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے،آگ کیسےلگی اس حوالےسے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

نظارت وہ جگہ ہوتی ہے جہاں کیس پراپرٹیز میں پھنسا سامان مثلاً موٹر سائیکل، بس، ٹرک، گاڑیاں اور رکشے اور دیگر سامان لا کر رکھا جاتا ہے اور بوقت ضرورت اسے عدالت میں پیش کیا جاتا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور کولنگ کا عمل جاری ہے، پہلی کوشش تھی کہ آگ سے قریب موجود فلیٹوں کو محفوظ رکھا جائے جس میں کامیاب رہے۔