Pakistan
This article was added by the user . TheWorldNews is not responsible for the content of the platform.

کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش

  کراچی: پیر کو دوسرے روز بھی شہر میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی جس کی وجہ سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال سے آنے والے مون سون سسٹم کے نتیجے میں پیر کو دوسرے روز بھی بادل جم کر برسے جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں جل تھل ایک ہوگئی۔ مضافاتی علاقوں سے شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ شہر بھر میں پھیل گیا۔

سرجانی ٹاؤن، گلشن معمار، گلشن حدید، ملیر، کھوکھراپار، ڈیفنس، کلفٹن، گلستان جوہر، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، طارق روڈ، شاہراہ فیصل، سولجربازار، نیا ناظم آباد، سعدی ٹاؤن سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں درمیانی اور کہیں موسلا دھار بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 65.4 ملی میٹر، گلشن معمار میں 34.5 ملی میٹر، نارتھ کراچی میں 23 ملی میٹر، سعدی ٹاؤن میں 22.6 ملی میٹر، اورنگی ٹاؤن میں 16.4 ملی میٹر، یونیورسٹی روڈ پر 15 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

ناظم آباد میں 12.3 ملی میٹر، جناح ٹرمینل پر7.6 ملی میٹر، اولڈ ایئرپورٹ پر5.8، کورنگی میں 4.4 ملی میٹر، پی اے ایف بیس فیصل پر 3 ملی میٹر، پی اے ایف بیس مسرورپر2.9 ملی میٹر، صدرمیں 2 ملی میٹر، گلشن حدید میں 13 ملی میٹر جبکہ سب سے کم بارش کیماڑی میں 1.5 ملی میٹرریکارڈ ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ سمندری ہواؤں کی بندش اور بلوچستان کی مغربی ہواؤں کے اثرات کے نتیجے میں نمی کا تناسب 89 فیصد تک تجاوز کے باعث حبس برقراررہا۔

محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق سندھ اور ملک کے مشرقی حصوں میں مون سون کا سلسلہ شدت کے ساتھ جاری ہے۔ کراچی میں کل بھی گرج چمک کے ساتھ تیز بارش جبکہ 26 جولائی کو ہلکی بارش کا امکان ہے۔

دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں بھی 25 اور 26 جولائی کو بارش کا امکان ہے۔ جامشورو، دادو، قمبرشہداد کوٹ، نوشہرو فیروز، جیکب آباد، لاڑکانہ اور کشمور میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔ بارش کے دوران آندھی چلنے سے کمزور املاک کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔